بنگلورو،18؍اکتوبر (ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) شہر کے میئر سمپت راج نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے انہیں سخت ہدایت دی ہے کہ وہ شہر کی ہمہ جہت ترقی پر پوری توجہ دیں اور عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے اگر سخت فیصلہ کرنا پڑے تو پیچھے نہ ہٹیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے میئر نے کہاکہ بی بی ایم پی کے سبھی افسران کو طلب کرکے انہوں نے یہی گذارش کی ہے کہ شہر کو ترقی کی جانب آگے بڑھانے اور بلدی مسائل کو سلجھانے کیلئے ہر ایک کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی میعاد کے دوران وہ ہر ہفتہ شہر کی سڑکوں کا معائنہ کرتے رہیں گے اور جو بھی سڑک بارش یا دیگر وجوہات کے سبب متاثر ہوگی، اس کی فوری مرمت یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شہر کے ہر اسمبلی حلقہ کے انجینئروں کو طلب کرکے ہدایت دی جاچکی ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی غفلت نہ برتیں، اگر بدحال سڑکیں ان کے دورہ کے دوران نظر آئیں تو اس کیلئے مقامی انجینئر کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہر وارڈ میں جو ترقیاتی کام جاری ہیں انجینئروں کو اس کی تفصیل اپنی ڈائری میں ہمہ وقت اپنے پاس رکھنی ہوگی۔ اگر اس ڈائری کو طلب کئے جانے پر فراہم نہ کیا گیا تو ان انجینئروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ میئر نے کہاکہ اپنی ایک سالہ مدت میں ان کی فوری توجہ اس بات پر ہوگی کہ زیر التوا ترقیاتی کاموں کو برق رفتاری سے پورا کیاجائے۔ اس کیلئے شہر کے تمام کارپوریٹرس اور اراکین اسمبلی کا تعاون طلب کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شہر بھر میں 850کلومیٹر طویل بڑے نالے کی صفائی کاکام کافی تیزی سے جاری ہے، اس نالے کی صفائی کے بعد شہر میں بارش کی صورت میں نشیبی علاقے زیر آب نہ آئیں ، بی بی ایم پی انتظامیہ یہ یقینی بنائے گا۔